چین میں پھنسے پاکستانیوں کی 8 روز بعد سنی گئ

کراچی: چین میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا انتظام ہو گیا، تمام پاکستانی آج لاہور پہنچ جائیں گے۔

ترجمان شاہین ایئر کے مطابق شاہین ایئر، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستانی کسٹم حکام کی کاوشوں سے شاہین ایئر کی فلائٹ این ایل 892 رات ساڑھے گیارہ بجے کراچی سے براستہ لاہور گونگزو کے لیے روانہ ہوئی جو گونگزو پہنچ گئی۔ یہی فلائٹ این ایل 891 چین کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے گونگزو سے واپس پاکستان روانہ ہو گی۔ یہ فلائٹ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق آج شام 6 بجے لاہور واپس آئے گی۔

ترجمان کے مطابق شاہین ایئر اس مشکل وقت میں چین میں پھنسے پاکستانی مسافروں کے ساتھ ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل شاہین ایئر کی انتظامیہ نے پاکستانی مسافروں کو واپس لانے کے لیے اپنا طیارہ استعمال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پرواز کے لیے طیارے کے پرزے کا انتظام کیا گیا اور انجینئرز نے پرزہ تبدیل کیا۔ نیا پرزہ لگنے کے بعد سول ایوی ایشن نے پرواز کی اجازت دی، شاہین ایئر کے انجینئرز بھی فلائٹ کے ساتھ گونگزو گئے ہیں۔