مودی کا عمران خان کو فون، پاکستان کیساتھ نئے دور کے آغاز پر تیار

نئی دہلی: عام انتخابات میں جیت پر نریندر مودی کی عمران خان کو مبارکباد، کہا کہ ہم پاکستان کیساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں۔ عمران خان نے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر بھارتی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ مودی نے عمران خان کے لیے نیک تمناؤں اور خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کیساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں۔ معاملات آگے بڑھانے کیلئے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

عمران خان نے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر بھارتی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل کی تدبیر کی جانی چاہئیے۔ جنگیں اور خونریزی سے تنازعات کے حل کی بجائے المیے جنم لیتے ہیں، دونوں ممالک کے عوام کو غربت کے بے رحم شکنجے سے نکالنے کیلئے حکومتوں کو مشترکہ تدابیر کرنا ہوں گی۔