غیرملکی ایئرلائن 50 عازمین حج کو کراچی ایئر پورٹ پر چھوڑکرروانہ

کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز گنجائش نہ ہونے کی وجہ سے 50 عازمین حج کو چھوڑ کر چلی گئی۔

غیرملکی ایئرلائن کی پرواز ایس وی 701 کو صبح 10 بجے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جدہ روانہ ہونا تھا تاہم غیرملکی ایئرلائن کی جانب سے کم گنجائش کا جہاز لگا دیا گیا جس کے باعث احرام باندھے ہوئے 50 عازمین حج ایئرپورٹ پر ہی رہ گئے۔ جناح ٹرمینل میں رہ جانے والے مسافروں میں بچے، خواتین اور بزرگ عازمین شامل ہیں۔

متاثرہ مسافروں نے جناح ٹرمینل کے لاؤنج میں احتجاج شروع کردیا اور ان کا کہنا ہے کہ ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے کوئی تعاون نہیں کیا جارہا، کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود انتظامیہ نے مسافروں کو پانی اور کھانا تک فراہم نہیں کیا اور ناہی متبادل پرواز کا وقت بتایا جارہا ہے۔ مسافروں نے الزام عائد کیا ہے کہ ایئرلائن کی جانب سے سرکاری کوٹے کے مسافروں کو ترجیح دی گئی جب کہ پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے جانے والے عازمین کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔