وزارت اعلیٰ پنجاب ،پی ٹی آئی کاایک اور نام سامنے آرہا ہے

لاہور : تحریک انصاف کی طرف سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کےلئے مزید ایک نام سامنے آرہا ہے۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نااہل ہوگئے ،شاہ محمود قریشی پنجاب اسمبلی کا الیکشن ہار گئے ۔

دو بڑوں کی وزارت اعلیٰ کی ریس میں عدم شمولیت کے بعد کئی روز سے علیم خان ،فواد چوہدری اور محمود الرشید کے نام سامنے آرہے تھے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک نیا نام بھی وزارت اعلیٰ پنجاب کےلئے سامنے آرہا ہے ،وہ تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کا ہے ۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 میں ن لیگی امیدوار سے شکست کے بعد یاسمین راشد نے عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی تھی ۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ خان صاحب نے مجھے پنجاب حکومت میں اہم ذمہ داری سونپ دی ہے ۔

اس کے بعد سے میڈیا میں سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا یاسمین راشد پنجاب کی نئی وزیر اعلیٰ ہوں گی ؟یا پھر انہیں اسپیکر پنجاب اسمبلی کا منصب سونپا جائےگا؟

یاسمین راشد پنجاب اسمبلی کی خواتین کے لیے مخصوص نشست کے لیے تحریک انصاف کی فہرست میں سرفہرست ہیں اور یقینی طور پر ایم پی اے بن رہی ہیں۔