تھائی لینڈ کے غارمیں پھنسے تمام بچوں کو کوچ سمیت نکال لیا گیا

بنکاک: تھائی لینڈ کے زیر آب غار میں پھنسے اسکول فٹبال ٹیم کے 12 کم عمر کھلاڑیوں اور کوچ کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آج صبح زیر آب غار میں پھنسے بقیہ 4 بچوں اور ایک کوچ کو نکالنے کے لیے امدادی کام کا آغاز کیا گیا تھا جس کے دوران دو مرحلوں میں بقیہ 4 بچوں اور کوچ کو بحفاظت نکال لیا گیا اس طرح تین دن کے کامیاب آپریشن کے بعد اسکول فٹبال ٹیم کے 12 بچوں اور کوچ کو غار سے نکالا گیا۔ غار سے نکالے گئے تمام بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم ابھی کچھ دن انہیں اسپتال میں رکھا جائے گا۔

آپریشن کے انچارج نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کا آخری مرحلہ مشکلات اور رکاوٹوں سے بھرپور تھا تاہم امدادی ٹیم کا ایک ایک اہلکار کامیاب آپریشن کے لیے پُر عزم اور پر جوش تھا اور سب کا مقصد کسی بھی طرح غار میں پھنسے بے یارو مددگار بچوں کی جان بچانا تھا۔ امدادی کارروائی کا پہلا روز سب سے مشکل تھا تاہم ہم نے اس دن بہت سیکھا جو آج حتمی کارروائی میں مدد گار ثابت ہوا۔