شریف خاندان كے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس كا فیصلہ کل سنایا جائے گا

اسلام آباد: احتساب عدالت کی جانب سے شریف خاندان كے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس كا فیصلہ کل سنایا جائےگا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت كے جج محمد بشیرایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ کل جمعے کو سنائیں گے، یہ فیصلہ انہوں نے تین جولائی كو محفوظ كیاتھا۔

اس ضمن میں احتساب عدالت ملزمان کو جمعے کو پیش ہونے کے لیے نوٹسز جاری کرچکی ہے فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر انہیں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کرچکی ہے۔

واضح رہے کہ ریفرنس میں نواز شریف، مریم، حسن اور حسین نواز کے ساتھ کیپٹن (ر) صفدر بھی ملزم نامزد ہیں۔ نواز شریف، ان کی بیٹی مریم اور داماد کیپٹن (ر) صفدر عدالت میں پیش ہوتے رہے تاہم حسن اور حسین نواز پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے عدم حاضری کی بنا پر انہیں اشتہاری قرار دیا۔

نواز شریف سمیت تمام ملزمان کے خلاف مقدمات میں نیب کی دفعہ نائن اے لگائی گئی ہے جو رقوم اور تحائف کی غیر قانونی منتقلی سے متعلق ہے۔اس جرم کی سزا 14 سال قید ہے۔ مریم نواز کے خلاف جعلی دستاویزات کے الزام میں ایک اور سیکشن 31 اے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جس میں سزا 3 سال قید ہے۔

دریں اثنا نوازشریف نے اس مقدمے کا فیصلہ کل سنانے کے خلاف درخواست دائر کی ہوئی ہے جس میں مطالبہ کیا ہے کہ کیس کا فیصلہ سنانے کی تاریخ موخر کی جائے، عدالت نے یہ درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی ہے اور کل فیصلہ سنانے سے قبل اس درخواست کی سماعت ہوگی۔