شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر 16 جون بروز ہفتہ ہوگی

کراچی: پاکستان بھر سے شوال کے چاند کی ایک بھی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد عیدالفطر 16 جون بروز ہفتہ ہوگی۔

شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں چیرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت ہوا اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی دارالحکومتوں میں ہوئے، اس کے علاوہ دیگر ذرائع سے بھی چاند کی شہادتوں کا انتظار کیا جاتا رہا لیکن ملک بھر میں کہیں سے بھی اند کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد عیدالفطر 16 جون بروز ہفتہ ہوگی۔

اس سے قبل رویت ہلال ریسرچ کونسل کی طرف سے پیش گوئی کی گئی تھی کہ 14 جون کو شوال کا چاند دکھائی دینے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں اور رویت ہلال ریسرچ کونسل کی طرف سے 16 جون کوعیدالفطر کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی میں غروب آفتاب 7 بجکر 23 منٹ پر ہے اور غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 19 گھنٹے 3 منٹ ہوگی، چاند غروب آفتاب کے بعد چاند 39 منٹ تک افق پر رہے گا، ژوب میں آٹھ منٹ تک چاند دیکھنے کے امکانات ہوں گے، سب سے زیادہ چاند دیکھنے کا وقت کراچی اور ساحلی پٹی جیوانی اور پسنی میں ہوگا تاہم چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔