اسرائیل کے ساتھ سیز فائر پر اتفاق ہوگیا ہے، حماس کا دعویٰ

غزہ: حماس کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری کشت و خون کو روکنے کے لیے اسرائیل کے ساتھ سیز فائر پر اتفاق ہوگیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے رہنماؤں نے 2014ء سے جاری مسلسل جنگ کے بعد اسرائیل کے ساتھ سیز فائر ہونے کا دعوی کیا ہے۔ حماس رہنماؤں کی جانب سے سیز فائر کا دعوی گزشتہ شب تنظیم کے کئی ٹھکانوں پر اسرائیلی بمباری کے بعد سامنے آیا ہے تاہم اسرائیل نے اس حوالے سے تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

حماس کے ڈپٹی چیف خلیل الحایا نے میڈیا کو سیز فائر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان کئی اہم شخصیات نے ثالثی کا کردار ادا کیا ہے اور اس اہم فیصلے کے لیے کئی بار مذاکرات ہوئے جس کے بعد ضامن ممالک اور شخصیات کی یقین دہانی پر سیز فائر پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔