نگران وزیرِاعظم کون ہوگا؟ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے نام فائنل

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے بعد اب حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے بھی نگران وزیرِاعظم کیلئے اپنے نام دیدیے ہیں۔ ن لیگ کی جانب سے جسٹس (ر) ناصر الملک، عشرت حسین اور تصدق جیلانی کے نام دیئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے نگران وزیرِاعظم کیلئے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی جانب سے تجویز کئے گئے نام پسِ پشت ڈالتے ہوئے ذکا اشرف اور جلیل عباس جیلانی کے نام وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کو دیدیے ہیں۔
سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ذکا اشرف اور جلیل عباس جیلانی کے نام فائنل کئے جو قائدِ حزب اختلاف خورشید شاہ نے وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کو فراہم کر دیے۔

آصف زرداری نے اس سلسلے میں ذکاء اشرف اور جلیل عباس کو ٹیلی فون کر کے آگاہ کر دیا ہے۔ اس کے بعد ذکا اشرف پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب خورشید شاہ کہتے ہیں کہ احسن بھون بھی نگران وزیرِاعظم ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بھی نگران وزیرِاعظم کیلئے جسٹس (ر) ناصر الملک، ڈاکٹر عشرت حسین اور تصدق جیلانی کے نام یش کر دیے ہیں۔

تحریک انصاف نے اس منصب کیلئے ڈاکٹر عشرت حسین، تصدق جیلانی اور عبدالرزاق داؤد جبکہ جماعت اسلامی نے ڈاکٹر عبدالقدیر کا نام تجویز کیا تھا۔ اپوزیشن لیڈر نے ان ناموں کے بجائے اپنی پارٹی قیادت کی سفارش کو ترجیح دی۔