کراچی میں پارہ 44 ڈگری تک پہنچ گیا

کراچی: شہر قائد میں آج درجہ حرارت 44 ڈگری تک پہنچ گیا جب کہ محکمہ صحت نے سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

کراچی میں آج درجہ حرارت 44 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا جب کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے ہیٹ ویوکی پیش گوئی بھی کی گئی تھی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی میں اضافہ سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث ہوا جب کہ کل درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے تاہم ہفتے سے گرمی کی شدت میں کمی آنا شروع ہوجائے گی۔

محکمہ صحت نے بھی ہیٹ ویوکا ریڈ الرٹ جاری کرکے سندھ کے تمام سرکاری
اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو اور شہید بینظیر آباد میں 45، پڈعیدن میں 43 سکھر میں 42، نور پور تھل اور مٹھی میں 40 ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین صحت نے عوام كو شدید گرمی میں انتباہ كرتے ہوئے كہا ہے کہ شدید گرمی اورتیز دھوپ كے ساتھ جسم كے درجہ حرارت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوجاتا ہے جس سے خون گرم ہونے لگتا ہے، ایسی صورت میں متاثرہ افراد كو فوری ٹھنڈی جگہ منتقل كرنا چاہیے اور ڈراپس، پانی یا مشروبات كو فوری استعمال كرانا چاہیے، جسم میں پانی كی كمی سے ہیٹ اسٹروك لاحق ہوجاتا ہے لہٰذا شدید گرمی یا لوچلنے كی صورت میں پانی كا مسلسل استعمال ركھیں، بصورت دیگر ہیٹ اسٹروك ہونے كے واضح امكانات ہوجاتے ہیں۔