نیب کا سورج پورے پاکستان میں چمک رہا ہے، چیئرمین نیب

اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کا سورج صرف پنجاب میں نہیں بلکہ پورے پاکستان میں چمک رہا ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں ڈپٹی چیئرمین نیب ، پراسیکیوٹر جنرل نیب اکاوٴنٹبلیٹی اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرمین نیب نے کہا کہ اس میں شک کی کوئی گنجائش نہیں کہ نیب کا سورج صرف پنجاب میں نہیں بلکہ سارے پاکستان میں چمک رہا ہے، نیب کسی کے ساتھ امتیازی سلوک پر یقین نہیں رکھتا، جس نے مبینہ طور پر بدعنوانی کی ہے اس کے خلاف قانون کے مطابق بلا تفریق کاروائی عمل میں لائی جائے گی، نیب کی پالیسی” فیس“ نہیں بلکہ ”کیس“کو دیکھنے کی ہے، نیب کا ایجنڈا پاکستان سے بدعنوانی کا خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی رقوم کو برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروانا ہے۔

چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ تمام ڈی جیز شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز مقررہ وقت کے اندر قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائیں،نیب کے مقدمات کی پیروی ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق مؤثر انداز سے کریں تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے۔