کراچی؛ بچی سے زیادتی اور قتل کے ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ

کراچی: اورنگی ٹاؤن میں اغوا و زیادتی کے قتل ہونے والی بچی رابعہ کے ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

کراچی سٹی کورٹ میں اورنگی ٹاؤن کی 6 سالہ رابعہ کے قتل کے ملزمان کو پیش کیا گیا۔ تھانہ منگھوپیر پولیس نے عدالت سے رحیم اور فضل کے ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان سے تفتیش کرکے دیگر ملوث افراد کو گرفتار کرنا ہے۔ عدالت نے ملزمان کو 25 اپریل تک پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

دوسری جانب سے بچی کے والد بقا محمد نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں لاش دفنانے جا رہا تھا مگر علاقے والوں نے احتجاج کرنے کا کہا۔

پولیس نے جن لوگوں کو گرفتار کیا ہے ان میں میرے رشتے کے ماموں رحیم بخش شامل ہیں، میں چاہتا ہوں انہیں چھوڑ دیا جائے، پولیس دوسرے گرفتار ملزم فضل داد سے تفتیش کرے، اسی نے بچی کو چیز بھی دلائی تھی۔

بقا محمد نے کہا کہ میں مزید لوگوں کی بھی نشاندہی کروں گا ان سے بھی تفتیش کی جائے۔ مقتولہ کی ماں نے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ مجھے انصاف چاہیے، دو بچیاں چیز لینے گئی تھی ایک واپس آگئی اور دوسری نہ لوٹی، میری بچی کو بے دردی سے قتل کردیا گیا۔