کراچی بندرگاہ پر دو مال بردار جہاز آپس میں ٹکرا گئے

کراچی: کراچی بندرگاہ پر مال بردار جہاز بے قابو ہوکر ٹرمینل پر کھڑے دوسرے جہاز سے ٹکرا گیا جس کی وجہ سے کئی کنٹرینرز سمندر میں گرگئے۔

کراچی بندرگاہ پر ایک مال بردار جہاز لنگر انداز تھا، اس دوران دوسرا جہاز قریب سے گزرتے ہوئے ٹرمینل پر کھڑے جہاز سے ٹکرا گیا، دونوں بڑے جہاز ٹکرانے سے کئی کنٹینرز سمندر میں گرگئے اور ملبہ دور دور تک پھیل گیا۔

ٹرمینل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مالی نقصان کا جائزہ لینے اور حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب کے پی ٹی حکام کا کہنا ہے کہ غفلت ثابت ہونے پر ملکی اورعالمی قوانین کے مطابق کارروائی ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے جہازوں میں غیرملکی عملہ بھی موجود تھا۔