لاہور میں رائے ونڈ اجتماع گاہ کے قریب دھماکا، 3 افراد جاں بحق

لاہور میں رائے ونڈ اجتماع گاہ کے باہر پولیس کیمپ کے قریب دھماکے سے اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

لاہور میں رائے ونڈ اجتماع گاہ کے باہر پولیس کیمپ کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں جناح اسپتال، شریف میڈیکل سٹی اور ٹی ایچ کیو رائے ونڈ منتقل کیا گیا۔ دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچی اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ دھماکے میں پولیس کو نشانہ بنایا گیا ہے جب کہ دھماکا پولیس نفری کی تبدیلی کے دوران ہوا۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں اے ایس پی اور ایس ایچ او رائے ونڈ بھی زخمی ہوئے جنہیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب دھماکے کے بعد آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے صوبے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔