لودھراں ضمنی انتخاب؛ مسلم لیگ (ن) کو تحریک انصاف پر واضح برتری حاصل

لودھراں: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 لودھراں کے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو تحریک انصاف کے امیدوار پر برتری حاصل ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی نااہلی کے نتیجے میں خالی ہونے والی نشست حلقہ این اے 154 لودھراں کے ضمنی انتخاب میں اب تک 330 پولنگ اسٹیشن کے نتائج سامنے آگئے ہیں جس میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو تحریک انصاف پر واضح برتری حاصل ہے۔

مسلم لیگی امیدوار اقبال شاہ ایک لاکھ 10 ہزار 993 ووٹ لے کر پہلے اور پی ٹی آئی کے امیدوار علی خان ترین 84 ہزار 712 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

اس سے قبل ضمنی انتخاب کے لیے صبح 8 بجے پولنگ شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہی، پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

حلقے میں تحریک انصاف، مسلم لیگ(ن)، پیپلز پارٹی سمیت 10 امیدوار مدمقابل ہیں،علی ترین تحریک انصاف کے سابق سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین کے بیٹے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ این اے 154 میں 338 پولنگ اسٹیشنز میں فوج کے جوان تعینات کیے گئے جنہیں مجسٹریٹ کے اختیارات بھی دیے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر لودھراں نے بتایا کہ حلقہ کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر 4500 فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔

الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق لودھراں کے حلقہ این اے 154 میں کل ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 31 ہزار 2 ہے جن میں مرد ووٹرز 2 لاکھ 36 ہزار 496 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 94 ہزار 506 ہے۔