ملک کے مختلف شہروں میں دھند کا راج، سردی کی شدت کم نہ ہو سکی

اسلام آباد:: ملک کے میدانی علاقوں میں دھند میں راستے گم ہوگئے، حد نگاہ صفر ہونے سے موٹرویز کئی مقامات پر بند کر دی گئی۔ دھند کے باعث کئی پروازیں اپنے مقررہ وقت پر اڑان نہ بھر سکیں، ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔

تفصیلات کے مطابق، پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج بھی دھند کا راج رہا، کئی مقامات پر حد نگاہ صفر رہی، موٹر وے کے مختلف سیکشنز بند کر دیئے گئے، ڈرائیوز کو فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی۔ نیشنل ہائی وے بھی دھند کے باعث دھند لائی رہی۔ پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی تک کئی مقامات پر حد نگاہ صفر رہی۔ خانیوال، ملتان موٹر وے دھند کے باعث رات بھر بند رہی۔ دھند کے باعث ایئرپورٹس پر بھی پروازوں کا شیڈول متاثر رہا، کئی پروازیں اڑان نہ بھر سکیں، ٹرینیں بھی رینگ رینگ کر چلتی رہیں۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے، سکردو میں پارہ منفی 9، کالام میں منفی 7 اور کوئٹہ میں منفی 6 تک گر گیا۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تا ہم صبح اور رات کے اوقات میں پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔