کراچی کے علاقے آرام باغ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن

کراچی: محکمہ انسداد تجاوزات نے آرام باغ میں نالے اور سرکاری زمین پر قائم گھر اور گودام گرادیے۔

کراچی میں محکمہ انسداد تجاوزات نے آرام باغ میں نالے اور سرکاری زمین پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا، آپریشن میں ہیوی مشینری کا استعمال کیا گیا جب کہ انتظامیہ کو پولیس اور رینجرز کی مدد بھی حاصل تھی۔ عملے نے کارروائی کے دوران متعدد گھر اور گودام مسمار کردیئے۔ کارروائی کے دوران مزاحمت کرنے پر پیپلز پارٹی کے علاقائی رہنما غلام محمد سمیت 15 سے زائد افراد کو حراست میں بھی لیا گیاہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ یہاں گزشتہ 15 برسوں سے رہ رہے تھے ،انتظامیہ نے مکینوں کو سامان منتقل کرنے کے لیے صرف 2 گھنٹے کا وقت دیا ، اتنے کم وقت میں وہ اپنا سامان اٹھاکر کہاں جائیں۔ دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ نوٹس دیے جانے کے باوجود گھر خالی نہیں کیے جارہے تھے، جس کی وجہ سے کارروائی کرنا پڑی۔