ن لیگ کے 3 ایم پی ایز باضابطہ مستعفی، استعفے اسمبلی سیکریٹریٹ کو ارسال

لاہور:: فیصل آباد جلسے میں استعفوں کا اعلان کرنے والے مسلم لیگ ن کے تینوں ارکان پنجاب اسمبلی نے اپنے استعفے اسمبلی سیکرٹریٹ بھجوا دیئے، اسمبلی سیکرٹریٹ نے استعفے موصول ہونے کی تصدیق کر دی۔

نظام الدین سیالوی، مولانا رحمت اللہ اور محمدخان بلوچ نے باضابطہ اپنی نشستوں سے استعفی دیدیا ہے۔ پیر حمید الدین سیالوی کے نمائندے محمد نواز نے تینوں استعفے اسمبلی سیکرٹریٹ میں پیش کیے۔ مستعفی ہونے والے ایم پی اے نظام الدین سیالوی سرگودھا، مولانا رحمت اللہ چنیوٹ اور محمد خان بلوچ جھنگ سے رکن پنجاب اسمبلی سے منتخب ہوئے تھے۔ دنیا نیوز نے استعفوں کی کاپی حاصل کرلی ہے۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اب ان استعفوں پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خیال رہے اتوار کو فیصل آباد میں آستانہ عالیہ سیال شریف کے سجادہ نشین پیر خواجہ حمید الدین سیالوی کی صدارت میں ختم نبوت کانفرنس ہوئی جس میں مسلم لیگ (ن) کے 5 ارکان اسمبلی نے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔ مسلم لیگ (ن) کی ایم این اے غلام بی بی بھروانہ، ایم این اے ڈاکٹر نصار جٹ، ایم پی اے نظام الدین سیالوی، ایم پی اے محمد خان بلوچ اور ایم پی اے مولانا رحمت اللہ اسٹیج پر پہنچے اور سب نے باری باری اپنے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

مستعفی ارکان نے سیال شریف درگاہ کے پیر اور تحریک لبیک کے رہنما پیر حمیدالدین سیالوی کو اپنے استعفی پیش کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت پر جان بھی قربان ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیراعلی پنجاب اور وزیرقانون راناثنا اللہ فوری طور پر مستعفی ہوں، اگر انہوں نے اپنے عہدوں سے استعفے نہ دیے تو پھر بہت سے ارکان اسمبلی بھی ہماری صف میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔