اوپن اور انٹر مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ

کراچی: اوپن و انٹر مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوگیا۔
انٹرمارکیٹ میں ڈالر نے 110 روپے جب کہ اوپن مارکیٹ میں 111 روپے کی سطح بھی عبور کی تاہم بہتری کے بعد اب انٹر مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 106 روپے 50 پیسے ہے اور اوپن مارکیٹ میں 108 روپے 50 پیسے ہوگیا ہے۔

پاکستان کی دونوں مارکیٹوں میں آج امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ شدید بے قدری کا شکار رہا، جیسے ہی بینکوں میں ڈالر کا لین دین شروع ہوا تو ڈالر کو پر لگ گئے اور ایک وقت امریکی ڈالر نے انٹر بینک میں 110 روپے کی سطح تک عبور کرلی۔

ڈالر کی چھلانگ صرف انٹربینک تک محدود نہ رہی بلکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر مہنگا ہوکر 111 روپے کی سطح پر بھی دیکھا گیا۔ تاہم کچھ بہتری کے بعد انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 106 روپے 50 پیسے جب کہ اوپن مارکیٹ میں 108 روپے 50 پیسے ہوگئی۔

مارکیٹ کی صورتحال میں کچھ بہتری آنے کے باوجود بے یقینی ختم نہیں ہوسکی ہے۔ ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں ڈالر کے اتار چڑھاؤ پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں تاہم اس کی وجہ نہیں بتاسکتے۔

دوسری جانب یونائیٹڈ نیشن اکنامک اینڈ سوشل کمیشن فار ایشیا نے اپنی رپورٹ میں پاکستانی روپے کی شرح تبادلہ کو درپیش خطرات کی پہلے ہی پیش گوئی کردی ہے۔ آئی ایم ایف بھی بیرونی عدم توازن کی بہتری کے لیے شرح تبادلہ کو نرم کرنے کی ضرورت کا اظہار کرچکا ہے اور اس کی وجہ غیر ملکی قرضوں یا ملکی صورتحال کو قرار دیا گیا ہے۔