کوئٹہ میں دھماکا، ڈی آئی جی حامد شکیل سمیت 3 اہلکار شہید

کوئٹہ: چمن ہاؤسنگ اسکیم کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ڈی آئی جی پولیس حامد شکیل سمیت 3 اہلکار شہید جب کہ پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس حامد شکیل گھر سے دفتر جارہے تھے کہ چمن ہاؤسنگ سوسائٹی میں ان کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور آس پاس کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، واقعے میں حامد شکیل اور ان کے ساتھ موجود پولیس اہلکاروں سمیت راہگیر بھی زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ منتقل کیا گیا جہاں عملے نے حامد شکیل اور 2 اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کردی، دھماکے میں زخمی 5 اہلکاروں سمیت 7 افراد کو طبی امداد دی جارہی ہے جن میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں تاہم دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ بھی نہیں بتایا جارہا، دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حامد شکیل پر خودکش حملہ کیا گیا تھا، خودکش حملہ آور نے خود کو عین اس وقت بارودی مواد سے اڑایا جب ان کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔