کراچی میں شدید گرمی نے شہریوں کو تڑپا کر رکھ دیا

کراچی: شہر میں ایک جانب شدید گرمی کی لہر برقرار ہے تو وہیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈںگ نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

شہرقائد میں سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث موسم آج بھی گرم اورخشک ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41.5 ڈگری تک جاپہنچا جب کہ گرمی کی شدت 47 ڈگری تک محسوس کی گئی ۔ دوسری جانب کے الیکٹرک کی جانب سے فنی خرابیوں کے نام پر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بڑھادی گئی ہے، کئی علاقوں میں 12،12 گھنٹوں سے بجلی بند ہے جس نے گرمی کے ستائے لوگوں کو تڑپاکر رکھ دیا ہے۔ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے بعض علاقوں میں پانی کا بحران بھی پیدا کردیا ہے۔

کراچی میں جاری گرمی کی لہرکے باعث اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور عملہ الرٹ ہے جبکہ شہری انتظامیہ نے شہرکے مختلف مقامات پرپینے کے پانی کا بندوبست کیا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی عبدالرشید کے مطابق گرمی کی حالیہ لہر جمعے تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب کم رہنے کے باعث ہیٹ ویوکا خدشہ نہیں، اس کے باوجود شہری دن کے اوقات میں بلا ضرورت دھوپ میں باہرنکلنےسے پرہیز کریں۔