پاکستان کیلئے ساڑھے 25 کروڑ ڈالرعسکری امداد مختص کررکھی ہے، امریکا

واشنگٹن: امریکا کا کہنا ہے کہ اس نے پاکستان کے لیے عسکری امداد کی مد میں ساڑھے 25 کروڑ ڈالر مختص کررکھے ہیں تاہم پاکستان اپنے اندرونی دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف موثر کارروائی کرکے ہی یہ امداد حاصل کرسکتا ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے کانگریس کو اس بات سے آگاہ کیا ہے کہ اس نے عسکری امداد کی مد میں پاکستان کے لیے 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مختص کررکھے ہیں تاہم اسلام آباد محض اسی صورت میں یہ امداد حاصل کرسکتا ہے جب وہ ان اندرونی دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف موثر کارروائی کرے جو پڑوسی ملک افغانستان پر حملوں میں ملوث ہیں۔

امریکی انتظامیہ کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں کشیدگی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی افغان پالیسی اور پاکستان پر عائد کیے جانے والے الزامات کو پاکستان نے مکمل طور پر مسترد کردیا ہے اور اس کے خلاف احتجاج بھی کیا جارہا ہے۔