ہارٹ اٹیک اور کینسر سے بچانے والی انقلابی دوا تیار

یویارک: سائنسدانوں نے کئی سال کی محنت کے بعد دل کے دورے سے بچانے والا ایک انقلابی انجیکشن تیار کر لیا ہے جو نہ صرف لاکھوں جانیں بچا سکتا ہے بلکہ مریضوں کو پھیپھڑے کے سرطان اور دیگر امراض سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ اس انجیکشن کی تیاری میں ایک طویل عرصہ لگا ہے لیکن گزشتہ چار برس سے اسے 39 ممالک کے 10 ہزار سے زائد افراد پر آزمایا گیا جس کی نگرانی ایک ہزار سے زائد ڈاکٹروں نے کی۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اگر مریض کو تین ماہ میں ایک مرتبہ یہ ٹیکہ لگایا جائے تو دل کے دورے کے خطرے کو 25 فیصد تک کم کیا جا سکتا ہے اور یہ بالخصوص پھیپھڑے کے سرطان، جوڑوں کے درد، اور گٹھیا کی شدید ترین کیفیت گاؤٹ لاحق ہونے کو بھی روکتا ہے۔

ماہرین نے اسے دل کے امراض کے خاتمے میں ایک ’انقلابی علاج‘ قرار دیا ہے اور دوا کو’کینا کینومب‘ کا نام دیا گیا ہے۔ گزشتہ 30 برس سے کولیسٹرول اور دل کے خطرے سے دوچار افراد اسٹیٹن دوائیں کھا رہے ہیں جس سے امراضِ قلب، فالج اور بلڈ پریشر میں افاقہ ہوتا ہے لیکن پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایسے ہزاروں لاکھوں افراد ہر سال ہارٹ اٹیک کا شکار ہو رہے ہیں جن کا بلڈ پریشر نارمل اور کولیسٹرول بالکل ٹھیک ہوتا ہے۔ اسی مناسبت سے دل کے معالجے کے نئے طریقوں کی ضرورت بڑھتی جا رہی ہے اور شاید یہ انجکشن کسی حد تک اس مسئلے کا حل ثابت ہو سکے گا۔

کیٹاگری میں : صحت