بادام کھانے سے جسم میں مفید کولیسٹرول کی مقدار بڑھ سکتی ہے

پنسلوانیا: ایک مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ باقاعدگی سے بادام کھانا جسم میں مفید کولیسٹرول بڑھا سکتا ہے۔

ایک مختصر مطالعے سے انکشاف ہوا ہے کہ بادام ایچ ڈی ایل کولیسٹرول کو بڑھاتا ہے جسے ’’اچھا کولیسٹرول‘‘ کہا جاتا ہے جبکہ دوسری جانب یہ جسم سے برے کولیسٹرول کو بھی نکال باہر کرتا ہے۔

اس مطالعے میں لوگوں کو دو گروہوں میں تقسیم کیا گیا اور ان میں سے ایک کو روزانہ بادام کھلائے گئے جبکہ دوسرے گروپ کو چھوٹے کیک دیئے گئے۔ اس دوران دونوں گروپس میں ہائی ڈینسٹی لائپوپروٹین (ایچ ڈی ایل) کی مقدار کو نوٹ کیا جاتا رہا۔ اس مطالعے سے واضح ہوا کہ بادام کھانے والے افراد میں جسم کے لیے موزوں ایچ ڈی ایل کی مقدار بڑھی اور اس کی کارکردگی بھی بہتر ہوئی۔

پنسلوانیا اسٹیٹ یونیورسٹی کی سائنسداں پینی کرس ایتھرٹن نے اپنی تحقیقات کو جرنل آف نیوٹریشن میں شائع کرایا ہے۔ پینی کرس کہتی ہیں کہ اس سے قبل کئی تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بادام کھانا خود ایل ڈی ایل کولیسٹرول کو بھی کم کرتا ہے جس کی مقدار بڑھ جائے تو دل کے امراض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس طرح بادام کھانے سے اچھا کولیسٹرول بڑھتا ہے اور دل دشمن کولیسٹرول کم ہوتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت