یوم آزادی کی تقریب 17 سال بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگی

اسلام آباد:وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 17 برس کے طویل وقفے کے بعد پارلیمنٹ ہائوس میں یوم آزادی کی تقریب کے انعقاد کی منظوری دے دی جس کی تجویز چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے دی تھی۔

سینیٹ حکام کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایک دن قبل چیئرمین سینیٹ کو یوم آزادی کی تقریب پارلیمنٹ ہاؤس منتقل کرنے سے متعلق آگا کیا اور اب شرکا کے لئے پاسز اورمیڈیا کو دعوت دینے سمیت تقریب کے تمام انتظامات کیبنیٹ ڈویژن کرے گا۔

خیال رہے کہ اس قبل یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد کی جاتی تھی جبکہ چیئرمین سینیٹ نے تقریب کا انعقاد پارلیمنٹ ہاؤس میں کرنے کی تجویز دی تھی۔

چیئرمین سینٹ نے 19جون کو وزیراعظم کو خط لکھ کر پرچم کشائی کی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد کے بجائے پارلیمنٹ ہاؤس رکھنے کی تجویز دی تھی۔

میاں رضا ربانی نے خط میں اسپیکر قومی اسمبلی کی اس تجویز سے متفق ہونے کی بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ جمہوری ادوار میں پرچم کشائی کی تقریب پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں منعقد کی جاتی تھی جس کا مقصد اس امر کو اجاگر کرنا تھا کہ ریاست اپنے اختیارات کا استعمال عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے کرتی ہے۔