اسلام آباد میں ایئر شو کی ریہرسل، جنگی طیاروں کی گھن گرج

اسلام آباد: یوم آزادی کے موقع پر پاک فضائیہ کے ایئر شو کے لیے وفاقی دارالحکومت کی فضاؤں میں جنگی جہازوں کی ریہرسل پروازیں ہورہی ہیں۔

یوم آزادی کے موقع پر پاک فضائیہ کے ایئر شو کی تیاریوں کے سلسلے میں اسلام آباد کی فضاؤں میں جنگی جہازوں کی ریہرسل پروازیں کی جارہی ہیں۔

پاک فضائیہ کا ایئر شو چودہ اگست کو ایف نائن پارک میں دوپہر ایک بجے ہوگا جس میں ایف سولہ، جے ایف 17 اور فضائی بیڑے میں شامل دیگر طیارے حصہ لیں گے جب کہ پہلی مرتبہ اگسٹا ہیلی کاپٹر کی رونمائی بھی کی جائے گی۔ ایئر شو میں مسلح افواج کے کمانڈوز فری فال جمپنگ کا مظاہرہ کریں گے۔ ترکی، سعودی عرب کے طیارے بھی یوم آزادی ایئر شو کا حصہ ہیں اور دونوں دوست ممالک کی ایروبیٹک ٹیمیں زبردست فضائی مظاہرہ پیش کریں گی۔

یوم آزادی پر پاک فضائیہ کا ایئر شو کراچی سی ویو پر بھی دوپہر ڈھائی بجے ہوگا۔ سی ویو پر ہونے والے ائرشو میں پاک فضائیہ کا شیردل اسکوارڈن کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا جب کہ ایف سولہ اورجے ایف سیونٹین بھی شو کا حصہ ہوں گے نیز پاک آرمی اور نیوی کے ہیلی کاپٹرز بھی حصہ لینگے۔