کراچی: ٹی ٹی پی کی معاونت کا الزام، مدرسے سے 7 مشتبہ افراد گرفتار

سندھ پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی) نے کراچی میں کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) سے مبینہ طور پر تعلق رکھنے والے مدرسے میں کارروائی کرکے 7 افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا۔

سی ٹی ڈی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ( ایس ایس پی) عمر شاہد حامد نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سی ٹی ڈی کی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ہمراہ کراچی کے علاقے سائٹ میں واقع الکریم اسلامک اکیڈمی میں سرچ آپریشن کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ مدرسہ خطرناک دہشت گرد اور ٹی ٹی پی کے کمانڈر مفتی شاکر نے قائم کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مفتی شاکر 14-2013 کے دوران ضلع وسطی اور غربی میں کئی پولیس اہلکاروں کے قتل کا ذمہ دار ہے اور اس پر پولیس سپرنٹنڈنٹ چوہدری اسلم کے قتل میں بھی ملوث ہونے کا شبہ ہے۔‘