مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے مزید 3 کشمیریوں کو شہید کردیا

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 3 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا تازہ واقعہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں پیش آیا جہاں قابض فورسز نے ترال کے علاقے گلاب باغ میں نام نہاد سرچ آپریشن کیا اور اس دوران تین بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے بھارتی تسلط کے خلاف احتجاج شروع کردیا اور سڑکیں بلاک کردیں، مظاہرین نے فورسز کی جانب سے کیے جانے والے نام نہاد آپریشنز کی بھی مذمت کی اور بھارت مخالف نعرے بلند کیے۔

بھارتی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پیلٹ گنز اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے بعد مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان تصادم ہوگیا۔