شہباز شریف کو پاکستان مسلم لیگ نواز کا صدر بنانے کا فیصلہ

لاہور : سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز نے پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کو پارٹی کا مرکزی صدر بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے چیئرمین راجا ظفرالحق کا کہنا تھا کہ پارٹی کی مشاورت میں اکثریت شہباز شریف کو جماعت کا صدر بنانے پر متفق ہے اور اس کا فیصلہ ہوگیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کو پارٹی کا صدر بنانے کے فیصلے کا اعلان ایک دو روز میں کردیا جائےگا۔

راجا ظفرالحق کا کہنا تھا کہ پارٹی کے اندراب تک جو بھی مشاورت ہوئی ہے اس میں اکثریتی ارکان کی یہی رائے ہے کہ میاں نواز شریف کی سیاست سے نااہلی کے بعد پارٹی کی باگ ڈور میاں شہباز شریف کو سونپ دینی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق فوجی صدر مشرف کے دور میں بھی جب میاں نواز شریف کو طیارہ سازش کیس میں سزا سنائی گئی تھی اور انھیں سیاست سے نااہل قرار دیا گیا تھا تو پارٹی نے شہباز شریف ہی کو پارٹی کا صدر بنایا تھا۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب پاکستان مسلم لیگ نواز جاری نوٹس میں کیا گیا تھا جس میں پارٹی کا نیا صدر منتخب کرکے کمیشن کو آگاہ کرنے کی ہدایت کردی گئی تھی۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کی مقدمے کی تفتیش کے لیے تشکیل کردہ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی تفتیش کے بعد سماعت کی تھی اور 28 جولائی کو اپنے فیصلے میں لارجربنچ نے متفقہ طور پر فیصلہ سناتے ہوئے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا۔

نواز شریف وزیراعظم کے علاوہ الیکشن کمیشن میں رجسٹر پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر بھی تھے۔