نااہلی کیس؛ عمران خان نے منی ٹریل مکمل نہ ہونے کا اعتراف کرلیا

اسلام آباد: چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے سپریم کورٹ سے اپنی منی ٹریل مکمل دستیاب نہ ہونے کا تحریری طورپراعتراف کرلیا ہے۔

نااہلی کیس میں چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنا تحریری جواب عدالت کو جمع کرادیا ہے جس میں اعتراف کیا گیا ہے کہ ان کے پاس منی ٹریل کا ریکارڈ موجود نہیں۔ سپریم کورٹ میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کی درخواست دائر کی گئی تھی کیس کی گزشتہ سماعت میں عدالت نے عمران خان سے بیرون ملک کرکٹ سے کمائی آمدن کی مکمل تفصیلات طلب کی تھی، عدالت نے برہمی کا اظہار بھی کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان بارہا عدالتی احکامات کے باوجود اپنی منی ٹریل کی دستاویزات جمع نہیں کرارہے۔

سپریم کورٹ میں عمران خان کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان برطانیہ میں مہنگے ترین کھلاڑی رہے ہیں ان کے ساتھ 70 سے 80 کی دہائی میں کرکٹ کے مختلف معاہدے کئے گئے جن سے انہیں کافی آمدن ہوئی، انہوں نے 1977 سے 1979 تک کیری پیکر کے ساتھ 25 ہزار سالانہ کے حساب سے معاہدہ کیا سفری الاؤنسز اور انعامات کی رقم معاہدوں کے علاوہ ہوتی تھیں انہیں جو بھی ادائیگیاں کی گئیں وہ ٹیکس کٹوتی کے بعد ہی ہوئیں۔