ڈالر کی قدرمیں اضافے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی،اسحاق ڈار

اسلام آباد: وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں اضافہ چند افراد کے درمیان رابطے کے فقدان کے باعث ہوا تاہم اس کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

اسلام آباد میں بینکوں کے سربراہان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قدرمیں 3 روپے اضافہ حیران کن تھا اور مجھے اس اضافے کی کوئی وجہ نظرنہیں آئی،چند ہی گھنٹوں کے دوران ڈالر کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے تک اُتار چڑھاؤ آیا جب کہ مجھے لگا کہ شاید سیاسی حالات کے باعث ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ قیمتوں میں اُتار چڑھاؤ رابطوں کے فقدان کے باعث آیا، کل بھی کہا تھا کہ یہ میری ذات کا معاملہ نہیں پاکستان کا معاملہ ہے تاہم ڈالر کی قدر میں اچانک اضافے کی تحقیقات کی جائیں گی، یہ چند افراد کے درمیان رابطے کے فقدان کے باعث ہوا لہذا اس کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔