آئی ایم ایف نے پاکستان کو ڈالر 116 روپے کرنے کا مشورہ دے دیا

کراچی: اگرچہ گزشتہ روز کی گراوٹ کے بعد آج روپیہ ڈالر کے مقابلے میں مستحکم ہونے لگا اور آج صبح انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کا کاروبار کا آغاز 107 روپے 80 پیسے سے ہوا لیکن صرف دو گھنٹے میں اس کی قیمت 108 روپے 10 پیسے پر پہنچ گئی۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سہ پہر 3 بجے امریکی ڈالر اوپن مارکیٹ میں 107 روپے 15 پیسے پر ٹریڈ ہورہا تھا جبکہ وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان میں کام کرنے والے تمام بینکوں کے سربراہان کا ہنگامی اجلاس بلالیا تھا۔

روپے کی قدر میں تیز رفتار کمی پر وزارتِ خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں بھی اختلافات سامنے آچکے ہیں کیونکہ وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز روپے کی قدر میں کمی کو ملک میں جاری سیاسی بحران کا نتیجہ قرار دیا لیکن اسٹیٹ بینک کے مطابق ایسا بیرونِ ملک سے ترسیلاتِ زر میں کمی کے باعث ہوا تھا اور یہ ایک مثبت رجحان ہے۔