فوجی اتحاد: ‘راحیل شریف سرکاری حیثیت میں سعودی عرب نہیں گئے’

اسلام اآباد: خلیج تنازع کے دوران اسلامی فوجی اتحاد کی سربراہی پر اٹھائے جانے والے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کا کہنا ہے ‘جنرل راحیل شریف ذاتی حیثیت میں اسلامی اتحاد فورس کی سربراہی میں گئے ہیں اور انہیں سرکاری طور پر نہیں بجھوایا گیا’۔

سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نزہت صادق کی زیر صدارت ہوا جس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو سعودی عرب اور قطر تنازع پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران کمیٹی نے حکومت سے سعودی عرب اور قطر کشیدگی کے معاملے پر غیر جانبدارانہ مصالحتی کردار ادا کرنے کی سفارش کی۔

کمیٹی کے چیئرمین نزہت صادق نے بتایا کہ ‘تنازع کے حل کے لیے وزیراعظم نواز شریف کی سعودی فرماں روا شاہ سلمان کے علاوہ امیر قطر سے بھی بات ہوئی ہے’۔

مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے مشرق وسطیٰ بالخصوص سعودی عرب-قطر تنازع پر بات کرتے ہوئے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ‘پاکستان، قطر-سعودی تنازع میں غیرجانبدارانہ پالیسی پر کاربند ہے’۔