عید الفطر،ٹرینوں اورمسافروں کے تحفظ کیلئے پلان جاری

اسلام آباد:عید الفطر کے موقع پر ریلوے اسٹیشنوں، ٹرینوں اور مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر آئی جی ریلوے پولیس منیر احمدچشتی اور ڈی آئی جی شارق جمال خان نے عید کاخصوصی سیکورٹی پلان جاری کر دیا ، سیکورٹی پلان کے تحت ملک بھر میں ریلوے پولیس کے ایس پیز کو جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اسٹیشنوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر نفری میں اضافہ کردیاجائے، تما م آنے اور جانے والے مسافروں کو واک تھروگیٹ سے گزارا جائے اور میٹل ڈیٹکیٹر سے مکمل طور پر چیک کیاجائے۔ غیرمتعلقہ اشخاص کو اسٹیشن کی حدود میں داخل نہ ہونے دیا جائے اور مشکوک عناصر پر کڑ ی نظر رکھی جائے۔ ٹرینوں میں اور اہم تنصیبات پر کمانڈوز تعینات کیے جائیں مزید جمعتہ الوداع کے موقع پر اور نماز فجر وتروایح کے اوقات میں ریلوے حدود میں واقع مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایاجائے۔ سفید پارچات میں بھی سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔