بیرونی قرضوں میں اضافے کا تاثر غلط ہے: وزیراخزانہ

وفاقی وزیرخزانہ اسحٰق ڈار کا کہنا ہے کہ بیرونی قرضوں میں بے پناہ اضافے کا تاثرغلط ہے جبکہ ہم نے جی ڈی پی کا 5 اعشاریہ 3 کا مشکل ہدف حاصل کرلیا ہے۔

قومی اسمبلی میں مالی سال 2017-18 کے بجٹ پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے بیرونی قرضوں میں بے پناہ اضافے کے تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2013 میں بیرونی قرضے 46 ارب ڈالر تھے آج 58 اعشاریہ 4 ارب ڈالر ہیں۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ جی ڈی پی میں قرضوں کی شرح میں کمی آئی ہے اور جی ڈی پی گروتھ کا 5 اعشاریہ 3 کا مشکل ہدف حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے جی ڈی پی میں شرح نمو کا ہدف 6 فیصد رکھا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سینیٹ کی 276 تجاویز میں سے 75 کو کلی یا جزوی طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے اور 137 تجاویز کو منصوبہ بندی کمیشن کو بھجوا دیا جائے گا۔

این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ نوواں این ایف سی ایوارڈ کمیشن تشکیل دیا جا چکا ہے اور حکومت نئے این ایف سی ایوارڈ کی جلد از جلد تکمیل کی خواہش مند ہے لیکن صوبوں کی جانب سے تاخیر کی جارہی ہے۔

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے 100 ارب کے اخراجات
وزیرخزانہ نے دہشت گردی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں میں دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے سیکورٹی فورسز کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔