سکولوں میں کولڈ ڈرنکس کی فروخت پر پابندی عائد

لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سکولوں میں کولڈ اور انرجی ڈرنکس پر پابندی عائد کر دی ہے جس کا اطلاق گرمیوں کی چھٹیوں کے فوری بعد ہوگا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے پابندی کے حوالے سے کی گئی قانون سازی سے مشروب ساز کمپنیوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران کمپنیوں کے نمائندوں کو بتایا گیا کہ ریڈ زون میں شامل تمام کاربونیٹڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس وغیرہ کی سکولوں کے اندر اور سکولوں کے باہر 100 میٹر کی حدود میں فروخت پر مکمل پابندی ہو گی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے پابندی کی وجوہات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کاربونیٹڈ کولڈ ڈرنکس کے استعمال سے بچوں میں ہڈیوں کی کمزوری سمیت جسمانی نشوونما متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سکولوں میں پنجاب فوڈ اتھارٹی گرین زون میں شامل مصنوعات، پھل، ملک شیک، فروٹ چاٹ، دودھ اور دہی سے بنی اشیاء فروخت کرنے کی اجازت ہو گی۔ اجلاس میں کولڈ ڈرنکس اور مشروبات میں مضر صحت رنگوں کے استعمال کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے کولڈ ڈرنکس سمیت تمام مشروبات کے اجزا اور معیار کو قوانین کے مطابق بنانے کیلئے تمام کمپنیوں کو 2 ماہ کی مہلت دیتے ہوئے تمام اجزا پنجاب فوڈ سیفٹی ریگولیشن 2017ء کے مطابق بنانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ڈی جی نے کہا کہ مشروبات میں منظور شدہ فوڈ کلرز استعمال نہ کرنے پر لائسنس منسوخی سمیت سخت کارروائی کی جائیگی۔