عمران خان کو10 روپے بھی نہیں دیئے جاسکتے،رانا ثنا اللہ

لاہور: پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان 10 ارب کی بات کرتے ہیں انہیں تو10 روپے بھی نہیں دیئے جا سکتے۔

لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان اداروں کو دباؤ میں لانے کے لئے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں، انہوں نے اختلافی نوٹ کو بری طرح سے اچھالا ہے، عمران خان کو تو10 روپے بھی نہیں دیئے جاسکتے، وہ ہرعزت دارکی عزت اچھالنا اپنا مقصد سمجھتے ہیں اور یہ باورکرانا چاہتے ہیں کوئی عزت بچانا چاہتا ہے تو ان کے مقاصد کے مطابق عمل کرے۔ الزام خان کے پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں جلسے کے مقاصد غیر آئینی ہیں جب کہ آج کا جلسہ قوم کے ساتھ بڑا بڑا مذاق ہے، عمران خان کو راولپنڈی کے شیطان اور ایک مکارمولوی کی حمایت حاصل ہے۔