عابدشیرعلی کو جو کہنا ہے میرے سامنےآکر کہیں،ڈاکٹرعاصم

کراچی: سابق مشیرپیٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین کا کہنا ہے کہ عابد شیر نے مجھے جو بھی کہنا ہے میرے سامنے آکر کہیں پھر ان کے بارے میں بتاؤں گا۔

کراچی کی احتساب عدالت میں جے جے وی ایل میں 17 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کی سماعت ہوئی۔ سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹرعاصم کے وکیل نے مؤقف پیش کیا کہ کیس کے حوالے سے ہمیں تاحال کوئی دستاویزات فراہم نہیں کی گئیں اس ریفرنس میں جان بوجھ کر ڈاکٹرعاصم کا نام بھی شامل کیا گیا ہے اور ہمارے اعتراضات کی وجہ سے ہی ڈاکٹرعاصم و دیگر پر فرد جرم عائد نہیں ہوئی۔ وکیل نے کہا کہ دستاویزات کی عدم فراہمی کی درخواست پہلے سے دائر کی جاچکی ہے اس درخواست پر مزید دلائل دینا چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم ثابت کریں گے کہ کیس سیاسی ہے اس کیس میں فرد جرم عائد ہو ہی نہیں سکتی اس لئے سماعت ملتوی کی جائے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا کو کیس پر دلائل دینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 5 مئی تک ملتوی کردی۔