میاں صاحب کو ان کے وزرا نے وقعت دکھادی، مولا بخش چانڈیو

کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ میاں صاحب خوشیاں نہ منائیں بلکہ اپنی ذلت کا ماتم کریں، انہیں ان کے وزرا نے ان کی وقعت دکھادی، عابد شیرعلی نوازشریف کو عزیر بلوچ اور ذوالفقار مرزا کی سطح پر لے آئے ہیں، نواز شرہف جے آئی ٹی زدہ ہونے جارہے ہیں.

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نے سوائے پاکستان بنانے کے کوئی تاریخ نہیں بنائی بلکہ پاکستان بھی قائد اعظم نے بنایا ہے، ورنہ جو بھی آمر آیا مسلم لیگ نے اس کا ساتھ دیا ہے۔ مسلم لیگ وہ درویش ہے جسے ہر اقتدار میں آنے والا گھمانے پھرانے لے جاتا ہے، مسلم لیگ (ن) کوتاریخ بنانے میں نہیں اقتدار بچانے میں دلچسپی ہے، وہ اس لئے مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں کہ ان کا اقتدار بچ گیا۔ حکومت بچ جانے پر مٹھائیاں بانٹنے اور کھانے پر شرم آنا چاہیئے، شرم کی بات ہے ایٹمی ملک کے وزیراعظم جے آئی ٹی میں پیش ہوں گے، میاں صاحب کو شرم نہیں آتی کہ کیا وزیراعظم کا منصب جے آئی ٹی میں جانے کا ہے، جے آئی ٹی کیا اچھے لوگوں کے لئے بنتی ہے، فیصلہ پڑھنے کے بعد چوہدری نثارعلی خان بھی آگ بگولا ہوگئے ہیں۔