پنجاب فتح کرنے کیلیے میدان میں اترچکے،آصف زرداری

جھنگ: پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پنجاب کو فتح کرنے آئے ہیں اور آئندہ انتخابات میں شریفوں کا نام بھی مٹا دیں گے۔

جھنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہم 2013 کے انتخابات ہارے نہیں بلکہ ہمیں آراوالیکشن نے مات دی تھی، اب پاکستان کے چاروں صوبوں کو شریف خاندان سے نجات چاہئے، انہوں نے عوام کےلئے کوئی کام نہیں کیا کیوں کہ انہیں پائے کھانے سے فرصت نہیں، نوازشریف سعودی عرب یا لانڈھی جیل چلے جائیں میں خود انہیں وہاں کھانا فراہم کروں گا۔

سابق صدر نے کہا کہ ایک عرصے تک پاناما کی گونج پورے ملک میں سنائی دیتی رہی اور آخر میں فیصلہ شریفوں کے حق میں آگیا اگر یہی فیصلہ ہونا تھا تویہ کام توایک ہفتے کا تھا، نوازشریف سپریم کورٹ سے تو بچ گئے ہیں لیکن انہیں ہم ہر طرف سے گھیرے میں لیں گے اوران کے اقتدار چھوڑنے تک پیچھے لگے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا نوازشریف کے خلاف یہ پہلا جلسہ ہے اور یہ ابتدائے عشق ہے وہ دیکھتے رہیں کہ آئندہ کیا ہوتا ہے اس بار ہم پنجاب کا قلعہ فتح کرنے اورشریفوں کو مٹانے میدان میں اتر چکے ہیں ہم ان سے قوم کا لوٹا ہوا حق لے کرعوام کو دیں گے۔