نوازشریف کواخلاقی طورپرمستعفی ہونا چاہیے،سراج الحق

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پاناما کیس میں نوازشریف کو کلین چٹ نہیں ملی بلکہ عدالت عظمیٰ نے جے آئی ٹی تشکیل دینے اور اس کی تحقیقات کا حکم دیا ہے لہٰذا وزیراعظم کا جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا باعث شرم ہے اس لیے انہیں اخلاقی طور پر مستعفی ہونا چاہیے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ملک میں مالی، اخلاقی اور سیاسی کرپشن عروج پر ہے اور اس میں اشرافیہ ہی ملوث ہیں، آج سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بھی ثابت ہوگیا کہ ملک میں کرپشن موجود ہے، کرپشن ایک بیماری ہے جس کے خاتمے کے لیے بھرپور آپریشن کی ضرورت ہے ورنہ ایوانوں میں موجود کرپٹ عناصر ملک کے لیے خطرے کا باعث ہیں۔