گرمی بھگانے کیلئے پانچ بہترین مشروب

لاہور: قدرت موسمی تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے خود بھی اہتمام کرتی ہے ، چنانچہ موسم گرما میں آنے والے پھل سبزیاں بھی حرارت کو کم کرتے ہیں ، موسم گرما کے اثرات بد سے بچنے کیلئے لاجواب مشروب گھر میں ہی بنائین اور گرمیاں خوشگوار بنائیں ۔

لیموں کا شربت
لیموں کا شربت گرمیوں میں فائدہ حاصل کرنے کیلئے سب سے سستی چیز ہے ۔
شربت بنانے کا طریقہ
لیموں کا رس ایک کلو شکر ڈیڑھ کلو پانی میں ڈال کر گاڑھی چاشنی بنا لیں ، حسب ذائقہ چمچہ دو چمچہ پانی میں ملا کر بوقت ضرورت خصوصاً دوپہر کے وقت استعمال کریں ، لذت کیلئے چاٹ مصالحہ ، ایک چٹکی نمک ملا کر پیا جا سکتا ہے ۔ یہ شربت پیاس کی زیادتی ، گرمی سے چکر آنے اور گرمی کی بے چینی کیلئے مفید ہے ۔

شربت آلو بخارا
سوکھا ہوا آلو بخارا سو گرام یا آٹھ سو گرام گرم پانی میں رات بھو کر صبح ہاتھ سے مسل کر چھان لیں اور اس میں ایک کلو شکر ملا کر چاشنی بنا کر رکھ لیں ۔

فوائد
ایسے افراد جن کا مزاج صفراوی ہو ، منہ کا ذائقہ کڑوا رہتا ہو ، گرمی یا صفراوی بیماری سے متلی ہو ، ایسی حالت میں یہ شربت بہت مفید رہتا ہے ۔ صفرا کے جوش کو ساکن کرتا ہے ، ثقیل اور دیر ہضم غذا جیسے بینگن ، بڑا گوشت وغیرہ کا ہاضم ہے ، وقت ضرورت چمچ دو چمچ استعمال کریں ۔ گلے کی خراش میں استعمال نہ کریں ، اس تکلیف میں تمام کھٹی چیزیں نقصان دہ ہیں ۔

شربت گلاب
عرق گلاب نمبر ایک 750 گرام ، شکر ایک کلو ڈال کر چینی گھما کر گھول لیں ، پھر ہلکی آنچ پر ایک جوش دے کر ٹھنڈا کر کے بوتل بھر لیں ۔
وقت ضرورت دو سے پانچ چمچ ٹھنڈے پانی میں ملا کر استعمال کریں ، ہاضمہ کی بے چینی ، دماغ میں گرمی ، نفسیاتی بے چینی میں مفید ہے ،

شربت خشخاش
خشخاش سو گرام ، بادام سو گرام ، چھوٹی الائچی کے دانے دس گرام ، سب کو پانی میں پیس کر اس کا عرق نکالیں ۔ جب دو تین بار میں اچھی طرح عرق نکل چکے تو اس عرق میں اتنا پانی ملائیں کہ کل ڈھائی لیٹر رہ جائے ۔
اس میں شکر دو کلو ملا کر پکالیں اور گاڑھی چاشنی بنا لیں ، شربت گلاب کی طرح استعمال کریں ، یہ شربت نیند نہ آنا ، دماغی کمزوری یا بدن کا دبلا ہونا میں بہت مفید ہے ، دن میں تین بار پیا جا سکتا ہے ۔

شربت عناب
عناب سو گرام ایک کلو پانی میں رات کو بھگو کر صبح ہاتھ سے مسل کر دو سے تین جوش دے کر چھان لیں ، اس چھنے ہوئے پانی میں ایک کلو شکر کا اضافہ کر کے چاشنی بنا لیں ،
بس تیار ہے ، بوتلوں میں بھر لیجیئے ۔ شربت عناب خون صاف کرتا ہے ، خون کو ٹھنڈا رکھتا ہے ۔ اس لئے گرمی میں جن کو دانے نکلتے ہوں ان کیلئے بہت مفید ہے ، ایسیڈیٹی کم کرتا ہے ۔ چھوٹی عمر والوں کے مہاسے اس سے آرام پاتے ہیں ۔ البتہ زیادہ استعمال کرنے سے قبض ہوسکتا ہے ۔

کیٹاگری میں : صحت