کے سی سی آئی کے زیر اہتمام 14ویں ’’مائی کراچی‘‘ نمائش آج شروع ہوگی

کراچی:کرا چی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی )کے زیر اہتمام 14ویں ’’مائی کراچی‘‘ نمائش جمعہ7اپریل 2017 سے ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہو گی جس میں ملکی وغیر ملکی نمائش کنندگان تقریباً 10لاکھ سے زائدافراد کے سامنے اپنی خدمات اور مصنوعات کی تشہیر کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نمائش کا افتتاح کریں گے۔ نمائش3روز تک جاری رہنے کے بعد ہ9اپریل 2017کو اختتام پذیر ہو گی۔ یہ نمائش بزنس ٹو بزنس اور بزنس ٹو کنزیومر میٹنگز کے حوالے سے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگی اور ساتھ ہی کراچی کے عوام کو تفریحی سہولتیں بھی میسرآئیں گی۔کراچی کے عوام ہر سال دلچسپی کے ساتھ اس نمائش میں بھرپور شرکت کرتے ہیں۔کراچی چیمبر کے صدر شمیم احمد فرپو نے ’’مائی کراچی‘‘نمائش کے کامیاب سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ 2004میں بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے بحثیت صدر کے سی سی آئی میڈیا بالالخصوص مغربی میڈیاکی جانب سے کراچی کے بارے میں منفی پروپیگنڈہ کومد نظر رکھتے ہوئے کراچی کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے’’ مائی کراچی‘‘ نمائش کا آغاز کیا جو بلاکسی تعطل پابندی کے ساتھ 2004سے کامیابی کے ساتھ منعقد کی جارہی ہے اور یہ ایونٹ کراچی چیمبر کے لئے کامیابی کی علامت بن گیا ہے ۔