پیپلزپارٹی علی بابا چالیس چوروں کا ٹولہ ہے، عابدشیرعلی

ٹھٹہ : وزیرمملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی علی بابا چالیس چوروں کا ٹولہ ہے جس نے عوام کو کچھ نہیں دیا۔

ٹھٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرمملکت پانی و بجلی عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ 1970 سے اب تک پیپلزپارٹی کا 37 سالہ دور سیاہ ترین دور رہا ہے یہ پارٹی علی بابا چالیس چوروں کا ٹولہ ہے جس نے عوام کو کچھ نہیں دیا اور اس پر ایک ہی خاندان قابض رہا۔

عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کرپشن کے ہیڈ ماسٹر ہیں اور شرجیل میمن کرپشن کے بادشاہ ہیں جس نے سندھ کے 5 ارب روپے لوٹے اور3 سال لندن پھر دبئی میں رہے لیکن وہاں انہیں کوئی بیماری یاد نہیں آئی اب عدالت کے سامنے کہتے ہیں علاج کی غرض سے بیرون ملک مقیم تھا لیکن اب ہم چالیس چوروں کو سمندر پار نہیں جانے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ کہتے ہیں کہ پرائمری ایجوکیشن کمزور ہے،اگر سندھ میں غریبوں کو تعلیم دی گئی ہوتی توآج خورشید شاہ نہیں غریب کا بچہ ایم این اے ہوتا۔