وزیراعظم کا پاک افغان سرحد فوری کھولنے کا حکم

اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے پاک افغان سرحد فوری کھولنے کا حکم دے دیا ۔ سرحد بتیس روز پہلے 16 فروری کو سیہون شریف میں درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر پر حملے کے فوری بعد بند کی گئی تھی ۔ وزیراعظم نواز شریف کا پاک افغان سرحد فوری کھولنے کا حکم ، وزیر اعظم نے کہا کہ باوجود اس کے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں افغان سرزمین کا استعمال ہوا ، صدیوں پرانے مذہبی ، ثقافتی اور تاریخی راوبط کے پیش نظر سرحد کا بند ہونا دونوں ملکوں کے مفاد میں نہیں ۔ خیر سگالی کے جذبے کے تحت سرحدیں فوری کھول دی جائیں ۔ وزیر اعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ جن وجوہات کی بنا پر سرحد بند کی گئی تھی افغان حکومت ان کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی ۔ پاکستان میں امن و سلامتی کے لیے افغانستان میں دیرپا امن ناگزیر ہے ۔ پاکستان افغان سرحد گزشتہ بتیس روز سے بند تھی ۔