کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں 2 غیر قانونی شادی ہالز مسمار

کراچی: نارتھ ناظم آباد میں کئی سال سے غیر قانونی طور پر پارک کی زمین پر بنائے گئے 2 شادی ہالز مسمار کردیے گئے۔

کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ہدایت پرمحکمہ انسدادِ تجاوزات نے نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں کارروائی کی، کے ڈی اے نے حیدری مارکیٹ کے قریب غیرقانونی شادی ہالز کے خلاف آپریشن کیا اور اس دوران 2 غیر قانونی طورپر قائم شادی ہالز کو مسمار کردیا گیا، کے ڈی اے اینٹی انکروچمنٹ کے عملے نے ہیوی مشینری کی مدد سے شادی ہالز اوراس میں موجود تعمیرات کو زمین بوس کیا۔

کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ دونوں شادی ہالز پارک کی زمین پر تعمیر کئے گئے تھے اور اس طرح کی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، ذرائع کے مطابق دونوں شادی ہالز کراچی کی ایک سیاسی شخصیت کے تھے۔