عمران خان اپنے ساتھی جہانگیرترین کے منشی ہیں،عابد شیرعلی

یصل آباد: وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ عمران خان کے دوست جہانگیر ترین کسانوں کا خون چوس رہے ہیں اور چئیرمین تحریک انصاف ان کے منشی بن کر دفاع کررہے ہیں۔

فیصل آباد فیسکو ہیڈ کوارٹرمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عابدشیرعلی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے 3 نسلوں کا حساب دیا لیکن عدالتوں میں عمران خان نے کوئی بھی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا، عمران خان اپنے حواریوں کے کہنے پر سیاستدانوں اور قومی اداروں پر بغیر شواہد کے الزمات لگاتے ہیں جب کہ وہ خود اشتہاری ملزم ہیں اور ان کے اشتہارات عدالتوں میں جا بجا لگے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں ہم سپریم کورٹ سے سرخرو ہوکر نکلیں گے، ہم سیاسی انتقامی کارروائیوں کے بجائے عمران خان کو قانون سکھائیں گے اور عوام کے ساتھ مل کر ان کے خلاف ٹی ٹوینٹی میچ کھیلیں گے۔

وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ ہم نے منی ٹریل دے دی ہے ہمارے مخالفین کب منی ٹریل دیں گے ،چئیرمین تحریک انصاف کے دیرینہ ساتھی جہانگیر ترین نے کسانوں کو لوٹا اور اب تک ان کا خون چوس رہے ہیں اور عمران خان جہانگیر ترین کے منشی بن کر ان کا دفاع کررہے ہیں۔