آپریشن ’’ردالفساد‘‘ کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک،آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج نے آپریشن ’’رد الفساد‘‘ میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ آپریشن کے دوران کالعدم جماعت الاحرار کے سہولت کاروں سمیت سیکڑوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک بھر میں آپریشن ’’رد الفساد‘‘ جاری ہے جس میں تازہ کارروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن رد الفساد کے تحت پنجاب رینجرز نے صوبے بھر میں 200 سرچ آپریشن کیے جس میں مشتبہ مکانوں، مدارس اوردکانوں کی تلاشی لی گئی۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ آپریشن کہروڑ، لیہ اور راوپنڈی سمیت دیگر علاقوں میں کیے گئے جن میں افغان باشندوں سمیت 600 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جب کہ آپریشن میں کالعدم جماعت الاحرار کے بھی کئی سہولت کار پکڑے گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کےمطابق آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور ممنوعہ جہادی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔