وزارت داخلہ نے پنجاب میں 60 روز کیلیے رینجرزکی تعیناتی کی منظوری دیدی

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے لیے صوبے میں رینجرز کی 60 روز کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ایپکس کمیٹی پنجاب کی جانب سے صوبے میں رینجرز کو اختیارات دینے کی سفارش کے معاملے کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ، سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزارت داخلہ کی جانب سے رینجرز کو پنجاب میں 60 روز کے لیے خصوصی اختیارات دینے کی منظوری دی گئی جس کے مطابق رینجرز پنجاب ہوم ڈپارٹمنٹ کی ہدایت پر صوبے میں مخصوص مقامات پر کارروائی کرسکے گی اور رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت اختیارات حاصل ہوں گے۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مضبوط اعصاب اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے صوبوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پالیسی پر سختی سے کاربند اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رینجرز دہشت گردوں کے خلاف پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کرے گی اور دہشت گرد اور ان کے سہولت کار جہاں بھی ہوں گے تعاقب کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔