پاناما کیس: سپریم کورٹ نے سماعت جمعرات تک مکمل کرنے کا عندیہ دے دیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کرنے والے بنچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کیس کی سماعت جمعرات تک مکمل کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے پاناما کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران جسٹس عظمت سعید نے چیئرمین ایف بی آر سے استفسار کیا کہ ایف بی آر نے پاناما پر وزارت خارجہ سے کب رابطہ کیا تھا ، پاناما لیکس پر آف شور کمپنیوں کے مالکان کو کب نوٹس جاری کئے تھے۔ جس پر ڈاکٹر ارشاد نے بتایا کہ 2 ستمبر 2016 کو 343 افراد کو نوٹسز جاری کئے گئے تھے۔

جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ 200 گز کا فاصلہ 6 ماہ میں طے کرنے پر آپ کو مبارک ہو، چیرمین ایف بی آر نے جواب میں کہا کہ آف شور کمپنیوں پر صرف ڈائریکٹرز کا نام ہونا کافی نہیں ہوتا اس کے اور بھی تقاضے ہوتے ہیں، 49 کمپنیاں ایسی ہیں جن کے ڈائریکٹرز کا تعلق پاکستان سے نہیں جبکہ 52 افراد ایسے ہیں جنہوں نے کمپنیوں کی ملکیت سے انکار کر دیا ہے۔